کاروار:24/اگست (ایس اؤنیوز)سمندری ساحل پر مشکلات و آفات میں پھنسے سیاحوں کی حفاظت پر تعینات لائف گارڈوں کی سہولت کے لئے محکمہ سیاحت کے کوسٹل سرکٹ منصوبے کے تحت ضلع کے 7مقامات پر واچ ٹاور(دیدبان )تعمیر کیا جارہاہے۔
مرڈیشور کے ساحل پر چند ماہ پہلے اس ٹاور کی تعمیر ہوچکی ہے ، اسی طرح رویندرناتھ ٹیگور، ماجالی ، گوکرن ، اوم بیچ،کوڈلے بیچ ، اپسرکونڈااورکاسرگوڈ کے ساحل پر واچ ٹاوروں کی تعمیر شروع ہوچکی ہے۔ ریاست گوا کے ساحل پر موجود واچ ٹاور وں کی طرح ضلع کے اہم ساحلی مقامات پر دیدبانوں کی تعمیر ہوگی۔
ٹاور کےنیچے حفاظتی بورڈ، ٹیوب جیسی اشیاء کومحفوظ رکھا جائے گا، ٹاور کے اوپر ی حصے میں موجود چھوٹے سے کمرے میں لائف گارڈ حفاظتی نظر رکھے گا اور سستانے پر کچھ دیر کے لئے آرام بھی کرسکتاہےاس کے علاوہ ٹاور پر کھڑے ہوکر سیاحوں پر نگاہ رکھنے کی ضلع محکمہ سیاحت کے افسر روی نے جانکاری دی ۔
ضلع کے اہم ساحلی مقامات سیاحوں کے لئے جنت نما کی حیثیت رکھتے ہیں، سمندر کے متعلق خاص جانکاری کا شعور نہ رکھتے ہوئے کئی سیاح پانی میں اترکر اپنی جان کھودیتے ہیں، ان سیاحو ں کی حفاظت کے لئے کوئی انتظام نہیں تھا۔ حالات کو دیکھتے ہوئے رویندرناتھ ٹیگور بیچ ترقی بورڈ اور محافظ کمیٹی کے زیر اہتمام اہم ساحلی مقامات اور آبشاروں پر کل 26لائف گارڈوں کا تقرر عمل میں آیا ہے۔ ان کا انتخاب مرڈیشور اور کاروار کے ساحل پر منعقدہ سرف لائف سیونگ تربیتی کیمپ کے ذریعے ہواہے، ان کے ساتھ تین نگراں کاروں کو بھی نامزد کئے جانےکی جانکاری ضلع ایڈیشنل ڈی سی، ایچ پرسنا نے دی۔
لائف گارڈوں کو پہلے مرحلے میں 2لاکھ روپئے مالیت کے یونیفارم اور کچھ حفاظتی اشیاء مہیا کئے گئے ہیں۔ اب 5لاکھ روپیوں کے بائناکولر، حفاظتی ٹیوب، رسی ، فسٹ ایڈ باکٹ، رین کورٹ، ٹارچ، اسٹریچر سمیت کئی ضروری سامان لائف گارڈوں کو فراہم کرنے کی بات کہی۔
ایڈیشنل ڈی سی نے بتایا کہ ضلع کے ساحلی مقامات پر رواں سال فروری سے اب تک کاروار ساحل پر 1۔گوکرن ساحل پر 2۔کوڈلے بیچ پر 6 اور مرڈیشور کے ساحل پر 6کل 15سیاحوں کی جان کی حفاظت کی گئی ہے۔